(37) عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ قَالَ: كَانَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: ’’يَجْلِسُ عَلَى الْأَرْضِ، وَيَأْكُلُ عَلَى الْأَرْضِ۔‘‘
(طبرانی، سلمان بن احمد الطبرانی، م:360ھ، المعجم الکبیر، رقم الحدیث:12494، ص:12/67، مکتبہ ابن تیمیہ القاھرہ، ط:الثانیہ)
مفہوم حدیث:
حضرت عبداللہ بن عباسؓ سے روایت ہے کہ نبی کریم ﷺ زمین پر بیٹھنا پسند فرماتے تھے اور آپ ﷺ زمین پر بیٹھ کر کھانا کھاتے تھے۔
تشریح:
نبی کریم ﷺ اکثر زمین پر بیٹھا کرتے تھے اور امتیازی نشستوں کو ناپسند فرماتے تھے۔ آپ ﷺ مجلس میں اس قدر سادگی سے شامل ہوتے کہ آنے والے کو پہچاننے میں مشکل ہوتی کہ رسول اللہ ﷺ کون ہیں۔
اس روایت سے ہمیں کھانے کے آداب میں سے یہ سنت معلوم ہوئی کہ نبی کریم ﷺ زمین پر بیٹھ کر کھانا کھایا کرتے تھے۔ آپ ﷺ کھانے سے پہلے ہاتھ دھوتے، لیکن انہیں خشک نہیں کرتے تھے بلکہ نم ہاتھوں سے کھانا شروع فرماتے تھے۔
زمین پر دسترخوان بچھا کر کھانا، بسم اللہ سے آغاز کرنا، دائیں ہاتھ سے کھانا، پیٹ بھرنے سے پہلے کھانے سے ہاتھ کھینچ لینا اور کسی کھانے میں عیب نہ نکالنا، یہ سب نبی کریم ﷺ کی سنتیں تھیں۔
اگر کوئی چیز ناپسند ہوتی تو آپ ﷺ اسے چھوڑ دیتے، مگر اس میں عیب نہیں نکالتے تھے۔ آپ ﷺ چھوٹے لقمے بنا کر دائیں ہاتھ سے کھاتے، اور کھانے کے اختتام پر اللہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے تھے۔
اللہ تعالیٰ ہمیں نبی کریم ﷺ کی سنتوں پر عمل کرنے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین
