جنت جانے کے ذرائع

zariya-e-jannat

(44) عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ رَضِيَ اللهُ عَنْهُ قَالَ: سُئِلَ رَسُولُ اللهِ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ عَنْ أَكْثَرِ مَا يُدْخِلُ النَّاسَ الْجَنَّةَ، فَقَالَ: تَقْوَى اللَّهِ وَحُسْنُ الْخُلُقِ، وَسُئِلَ عَنْ أَكْثَرِ مَا يُدْخِلُ النَّاسَ النَّارَ، فَقَالَ: الْفَمُ وَالْفَرْجُ۔
(ترمذی، محمد بن عیسیٰ الترمذی، م:279ھ، سنن الترمذی، رقم الحدیث:2004، ص:3/431، دار الغرب الإسلامی بیروت، ط:1998م)

مفہوم حدیث:

حضرت ابو ہریرہؓ سے روایت کا مفہوم ہے کہ نبی کریم ﷺ سے سوال کیا گیا: یا رسول اللہ ﷺ! جنت میں سب سے زیادہ داخل کرنے والی چیز کیا ہے؟ تو نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: اللہ تعالیٰ کا خوف اور اچھے اخلاق۔ پھر سوال کیا گیا: جہنم میں داخل کرنے والی سب سے زیادہ چیز کیا ہے؟ تو نبی کریم ﷺ نے ارشاد فرمایا: منہ اور شرمگاہ۔

تشریح:

انسان کی سب سے بڑی کامیابی یہ ہے کہ وہ جنت میں اپنے لیے داخلہ ممکن بنائے اور جہنم سے اپنے آپ کو بچائے۔ اس روایت میں نبی کریم ﷺ سے یہی سوالات کیے گئے۔ پہلا سوال جنت میں داخلے کے بارے میں کیا گیا کہ یا رسول اللہ ﷺ! ایسی کون سی چیز ہے جس کی وجہ سے ہم جنت میں داخل ہو سکیں؟ تو رسول اللہ ﷺ نے دو چیزوں کی نشاندہی فرمائی: ایک اللہ تعالیٰ کا خوف، اور دوسرا اچھے اخلاق۔

اللہ تعالیٰ کا خوف جب انسان کے دل میں ہوتا ہے تو وہ ہر قسم کے گناہ سے بچتا ہے اور نافرمانی سے اپنے آپ کو محفوظ رکھتا ہے۔ جبکہ اچھے اخلاق اسے لوگوں کے حقوق ادا کرنے والا بناتے ہیں۔ یوں وہ حقوق اللہ بھی پورے کرتا ہے اور حقوق العباد بھی۔ ان دونوں کو ادا کرنا جنت کا راستہ ہے۔

دوسرا سوال جہنم کے بارے میں کیا گیا کہ وہ کون سی چیزیں ہیں جو انسان کو جہنم میں لے جاتی ہیں؟ نبی کریم ﷺ نے فرمایا: “منہ اور شرمگاہ”۔ زبان سے جھوٹ، غیبت، چغلی، گالی گلوچ جیسے گناہ آسانی سے سرزد ہوتے ہیں اور انسان کو اندازہ بھی نہیں ہوتا۔ اسی طرح شرمگاہ سے متعلق گناہ جیسے بدنگاہی اور زنا وغیرہ انسان کو ہلاکت میں ڈال دیتے ہیں۔

اس حدیث میں خاص طور پر نوجوانوں کے لیے بہت بڑا پیغام ہے، خصوصاً آج کے دور میں۔ اگر وہ اپنے اخلاق درست کر لیں، دل میں خوفِ خدا پیدا کر لیں، زبان اور خواہشاتِ نفس کو قابو میں رکھیں، تو ان شاء اللہ وہ جنت کے مستحق بن جائیں گے اور جہنم سے بچا لیے جائیں گے۔

اللہ تعالیٰ ہمیں تقویٰ، حسنِ اخلاق، زبان کی حفاظت اور نفس پر قابو پانے کی توفیق عطا فرمائے۔ آمین

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *