نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا قربانی کا جانور کیسا ہوتا تھا

نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا قربانی کا جانور کیسا ہوتا تھا
 أو عن أبي هريرة، أن رسول الله صلى الله عليه وسلم كان «إذا أراد أن يضحي، اشترى كبشين عظيمين، سمينين، أقرنين، أملحين موجوءين،
(سنن ابن ماجہ،رقم الحدیث:3122)


مفہوم حدیث:
حضرت ابوہریرہ رضی اللہ تعالی عنہ سے روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم قربانی کرنے کا ارداہ فرماتے تو دو بڑے،موٹے تازے ، سینگوں والے ، سیاہ و سفید رنگ والے، خصی دنبے خریدا کرتے تھے ۔

تشریح:
رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم قربانی کی عبادت بڑے اہتمام کے ساتھ فرمایا کرتے تھے ،قربانی کا جانور لینے میں بھی آپﷺ کا مخصوص ذوق تھا۔چنانچہ مختلف روایات میں نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے قربانی کے جانور کی خصوصیات مذکور ہیں ۔حضرت عائشہ رضی اللہ تعالیٰ عنہا کی روایت ہے کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم ایسا دنبہ ذبح کرتے جس کی آنکھیں بھی سیاہ ہوتیں، اس کا سینہ اور پیٹ بھی سیاہ ہوتا،اور اس کے پاؤں بھی سیاہ ہوتے اور باقی جسم سفید ہوا کرتا تھا ۔ (ابو داؤد:2792)
آج کے درس کی روایت جو حضرت ابوہریرہ رضی اللہ ہو تعالیٰ عنہ سےمروی ہے ا س میں تفصیل کے ساتھ رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم کے قربانی کے جانور کی خصوصیات مذکور ہیں کہ نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم قربانی کے لئے دنبہ خریدتے تھے اور اس میں تین خصوصیات ہوتیں:
۱۔موٹا تازہ اور فربہ ہوتا۔
۲۔سینگوں والا ہوتا۔
۳۔خصی ہوتا۔

حضرت امام عبدالرزاق نے اپنی تصنیف میں ایک روایت نقل کی ہے کہ ایک صحابی نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کے سامنے سے ایک ایسا دنبہ لے کر گزرے جو سینگوں والا اور بڑی بڑی آنکھوں والا تھا ۔نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم نے جانور دیکھ کر شوق کا اظہار فرمایا ہے اور ارشاد فرمایا کہ اس قربانی کے جانور کے مشابہت حضرت ابراہیم علیہ السلام کے دنبے کی طرح ہے ۔حضرت معاذ بن عفراء قریب کھڑے تھے ،جب انہوں نے نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کا شوق ملاحظہ فرمایا تو یہ جانور خرید کر نبی کریم صلی اللہ علیہ وسلم کوہدیہ کیا رسول اللہ صلی اللہ علیہ وسلم نے پھر اسکی قربانی کی ۔(مصنف عبدالرزاق :8131)

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *