رات کو سونے سے پہلے وضو کرنے کے فوائد

قَالَ رَسُولُ اللہِ صَلَّى اللہُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: ’’مَنْ بَاتَ طَاهِرًا، بَاتَ فِي شِعَارِهِ مَلَكٌ، فَلَمْ يَسْتَيْقِظْ إِلَّا قَالَ الْمَلَكُ اللَّهُمَّ اغْفِرْ لِعَبْدِكَ فُلَانٍ، فَإِنَّهُ بَاتَ طَاهِرًا‘‘۔ (ابن حبان،محمد بن حبان بن أحمد،م: 354ھ،صحيح ابن حبان،رقم الحدیث: 1051، ص:3/328، مؤسسة الرسالة، بيروت،ط: الأولى، 1408 ھ)

مفہومِ حدیث:
نبی کریم ﷺ کے ارشاد کا مفہوم ہے کہ جو آدمی رات کو باوضو ہو کر سوتا ہے تو فرشتہ اس کے جسم کے ساتھ لگ کر رات گزارتا ہے ۔اور جب بھی وہ بیدار ہوتا ہے تو فرشتہ اس کے لیے دعا کرتا ہے کہ یا اللہ اپنے اس بندے کی مغفرت فرما دیجیے کیوں کہ یہ رات کو باوضو ہو کر سویا ہے ۔
تشریح:
مختلف روایات میں نبی کریمﷺ نے رات کو باوضو ہو کر سونے کے فضائل بیان فرمائے ہیں ۔چنانچہ اس روایت میں آپ نے سنا کہ اگر رات کو وضو کر کے سوئیں گے تو بظاہر تو یہ ایک چھوٹا سا عمل ہے۔لیکن یہ چھوٹا سا عمل آپ کو اتنا بڑا فائدہ دے رہا ہے کہ فرشتہ آپ کے لیے دعا کرتا ہے ۔گویا اللہ تعالیٰ آپ کی حفاظت پر فرشتے کو مامور کر دیتا ہے اور وہ آپ کے لیے مغفرت کی دعا بھی کرتا ہے۔فرشتہ معصوم مخلوق ہے اور جب ایک معصوم مخلوق آپ کے لیے مغفرت کی دعا کرے تو یقیناً اللہ تعالیٰ انسان کی مغفرت فرما دیتے ہیں ۔
ایک دوسری روایت میں آپ ﷺ نے رات کو باوضو ہو کر سونے کی یہ فضیلت بیان فرمائی ہےکہ اگر کوئی شخص رات کو وضو کر کے سوئے اور اسی رات اس کا انتقال ہو جائے تو وہ اللہ تعالیٰ کے ہاں شہید شمار ہوتا ہے۔(شعب الایمان : 2529)
یہ باوضو ہو کر سونے کی اخروی فضیلت ہے ۔اور دنیاوی فضیلت اس کی یہ ہے کہ رات کو باوضو ہو کر سونا انسان کی صحت کی ضمانت ہے ۔کیوں کہ جب آدمی دن بھر کام کاج کرتا ہے تو اس کے جسم کے اعضاء پر مختلف قسم کے جراثیم لگ جاتے ہیں ۔
انسانی جسم کے اندر جراثیم جانے کے دو کھلے ذرائع ہیں ۔ایک تو آپ کے منہ کے ذریعے جراثیم اندر جاتے ہیں اور دوسرا ناک کے ذریعے اندر جاتے ہیں ۔اور جب انسان وضو کرتا ہے تو وضو میں کلی بھی کرتا ہے ،غرارے بھی کرتا ہے اور ناک میں بھی پانی ڈالا جاتا ہے ،ہاتھ بھی دھوئے جاتے ہیں ۔اس طرح جہاں ہاتھ،پاؤں اور چہرہ جراثیم سے پاک ہوتا ہے وہاں ناک اورمنہ کے جراثیم بھی ختم ہوتے ہیں۔ کھانے کے ذرات اگر منہ میں پھنسےہوں وہ بھی نکل جاتے ہیں ۔پھر انسان ساری رات جراثیم سے محفوظ ہو کر سوتا ہے ۔
بظاہر تووضو کر کے سونا یہ چھوٹا ساعمل ہے لیکن یہ چھوٹا سا عمل آپ کو آخرت کے اجر کے ساتھ ساتھ صحت کی بھی ضمانت دیتاہے۔اللہ تعالیٰ مجھے اور آپ کو عمل کی توفیق عطا فرمائیں ۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Feedback
Feedback
How would you rate your experience
Next
Enter your email if you'd like us to contact you regarding with your feedback.
Back
Submit
Thank you for submitting your feedback!