نبی کریم ﷺ کے مبارک بالوں کی خصوصیات

نبی کریم ﷺ کے مبارک بالوں کی خصوصیات

دیگر اعضاء شریفہ کی طرح آپﷺ کے بال مبارک بھی خوبصورتی میں اپنی مثال آپ تھے ۔آپ ﷺ کے بال بالکل گھنگریالے تھے نہ بالکل سیدھے۔بلکہ ہلکا سا خم لئے نہایت خوبصورت معلوم ہوتے تھے۔ حضرت انس فرماتے ہیں
کَانَ شَعْرُ رَسُولِ اللَّهِﷺ إِلَى نِصْفِ أُذُنَيْهِ
’’ نبی کریم ﷺ کے بال مبارک کانوں کے نصف حصے تک پہنچتے تھے۔‘‘(الشمائل المحمدیہ:رقم24)
جبکہ بعض روایات میں دیگر صحابہ کرام نے مختلف مقداریں بھی بیان کی ہیں چنانچہ ایک روایت میں کندھوں تک کا ذکر ہے کہ رسول اللہﷺ  کے بال مبارک لمبائی میں کندھوں تک پہنچتے تھے ۔ بعض روایات میں کان کی لو تک کا ذکر ہے۔کہ کان کی لو یا اس سے کچھ نیچے ہوا کرتے تھے۔ روایات کے اختلاف کی وجہ یہ ہے کہ نبی کریم ﷺ کے مبارک بالوں کی مقدار مختلف اوقات میں مختلف رہی ہے۔کبھی کان کے درمیانی حصے تک،کبھی کان کی لو تک،کبھی کان کی لو سے نیچے کندھوں تک ہوا کرتے تھے۔ جس صحابی نے نبی کریم ﷺ کو جس حالت میں دیکھا ،اس نے وہی حالت روایت کردی۔نبی کریم ﷺ نے چند مرتبہ سر مبارک کا حلق بھی کروایا ہے۔ جس صحابی نے بال منڈوانے کے کچھ عرصے بعد دیکھا تو اس نے بالوں کو چھوٹا دیکھا ہوگا ،جس نے کچھ عرصے بعد دیکھا تو اس نے نبی کریم ﷺ کے لمبے بال ملاحظہ کئے ہونگے۔ہر صحابی نے اپنے مشاہدے کے مطابق روایت بیان کردی۔بعض محدثین نے روایات کے اس اختلاف کو یوں تطبیق دی ہے۔کہ رسول اللہ ﷺ کے سر مبارک کے اگلے حصے کے بال کان کے وسط تک پہنچتے تھے۔جس نے آنحضرتﷺ کے مبارک بال کان کے وسط تک ہونا بیان کیا ہے۔اس کی مراد سر مبارک کے اگلے حصے کے بال ہیں۔ اور سر مبارک کے درمیانی حصے کے بال کان کی لو تک پہنچتے تھے۔جن روایات میں آنحضرتﷺ کے بال کان کی لو تک ہونا مذکور ہے۔اس سے مراد سر مبارک کے وسطی حصے کے بال ہیں۔اور سر مبارک کے پچھلے حصے کے بال کان کی لو سے نیچے کندھوں تک پہنچتے تھے۔بال مبارک کے کندھوں تک ہونے کی روایات سے مراد سر مبارک کے پچھلے حصے کے بال  ہیں۔رسول اللہ ﷺ کے مبارک بالوں میں کنپٹی کے پاس کچھ سفیدی آئی تھی۔باقی بال سیاہ ہی رہے۔بعض صحابہ کرام نے رسول اللہﷺ  کے سفید بالوں کی بھی مقدار بیان کی ہے۔چنانچہ ایک صحابی نے 14 کا عدد بیان کیا ہے کہ نبی کریم ﷺ کے مبارک بالوں اور اور داڑھی مبارک کے کل 14 بال سفید ہوئے تھے۔اور ایک روایت میں 20کا بھی ذکر ہے۔

Leave a Reply

Your email address will not be published. Required fields are marked *

Feedback
Feedback
How would you rate your experience
Next
Enter your email if you'd like us to contact you regarding with your feedback.
Back
Submit
Thank you for submitting your feedback!